ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا آج بیدر میں وزیراعظم مودی کے پروگرام کا بائیکاٹ کریں گے

کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا آج بیدر میں وزیراعظم مودی کے پروگرام کا بائیکاٹ کریں گے

Sun, 29 Oct 2017 03:47:21    S.O. News Service

بنگلورو۔28؍اکتوبر(عبدالحلیم منصور؍ایس او  نیوز) آج اتوار کو  بیدر میں منعقد ہونے والے وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام کا وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد ۔کرناٹک علاقہ کے ایک اہم ریلوے پراجکٹ بیدر۔کلبرگی راست لائن پر ریل ٹریفک کو کل وزیر اعظم مودی ہری جھنڈی دکھانے والے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج واضح کیا کہ اس پروگرام میں وہ شرکت نہیں کریں گے۔

اس اہم پراجکٹ کے افتتاحی جلسہ کیلئے وزیر اعلیٰ سدرامیا کو مدعو کرنے میں محکمۂ ریلویز کی مبینہ لاپرواہی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سدرامیا نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ دو دن قبل ہی انہیں اس پروگرام کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے، جب جبکہ محکمۂ ریلویز کو پروگرام منعقد کرنے سے پہلے ہی ریاستی حکومت سے مشورہ کرنا چاہئے تھا، کوئی بھی مشورہ کئے بغیر آخری لمحات میں انہیں مدعو کیاگیا ہے جوکہ درست نہیں ۔سدرامیا نے کہا کہ اس پراجکٹ کیلئے زمین حکومت کی طرف سے مفت فراہم کی گئی ہے ، ساتھ ہی پراجکٹ کی لاگت کا 50 فیصد خرچ حکومت نے برداشت کیا ہے۔ اس پراجکٹ کے افتتاح  کے سلسلے میں ریاستی حکومت سے یا ان سے کوئی مشورہ نہیں کیا گیا۔ جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے پہلے ہی پروگرام طے کردئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کل وزیر اعظم کے پروگرام میں وہ شرکت کرنے والے نہیں ہیں۔

آج وشویشوریا واٹر بورڈ کی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ کل ان کی طرف سے اس پروگرام میں وزیر صنعت آر وی دیش پانڈے نمائندگی کریں گے۔ ڈی وائی ایس پی ایم کے گنپتی کی خود کشی کے معاملے میں ایف آئی آر درج کئے جانے پر ریاستی وزیر برائے ترقیات بنگلو رکے جے جارج کے استعفیٰ کی مانگ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس ایف آئی آر میں جارج کو کلیدی ملزم بنائے جانے کی وجہ سے انہیں استعفیٰ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ جارج کے استعفیٰ کی مانگ سے پہلے بی جے پی اپنے ریاستی صدر یڈیورپا کو عہدہ سے ہٹا دے ، کیونکہ ان کے خلاف بہت سارے فوجداری مقدمات دائر ہوئے ہیں اور ان کی سماعت بھی جاری ہے۔ یڈیورپا پہلے اپنے عہدہ کو چھوڑ دیں اور بعد میں جارج کے متعلق بات کریں ۔ بصورت دیگر یڈیورپااور بی جے پی کا مطالبہ غیر اخلاقی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا نے الیکشن کمیشن کو جو دستاویزات مہیا کرائے ہیں اس میں انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے خلاف فوجداری مقدمات چل رہے ہیں۔ اسی لئے پہلے وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں پھر جارج کی بات کریں۔ جارج کے خلاف سی بی آئی کے ایف آئی آر درج کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے سدرامیا نے کہا کہ کوفی بھی اگر شکایت کرے تو ایف آئی آر درج ہوتی ہے چاہے وہ پولیس تھانہ میں ہو یا سی بی آئی میں۔ محض ایف آئی آر پر استعفیٰ کی مانگ کرنا درست نہیں ۔تحقیقات مکمل دی جائیں ، جارج پر اگر الزام ثابت ہوگیا تو انہیں ایک منٹ کیلئے بھی وزارت میں رکھا نہیں جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یڈیورپا کے خلاف دھوکہ دہی ، جعل سازی ڈی نوٹی فکیشن ، دھاندلیوں وغیرہ کے بہت سارے مقدمات درج ہیں۔ بی جے پی پہلے ان پر نظر ڈالے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ ریاست کے برہمن طبقے کی ترقی کیلئے خصوصی کارپوریشن قائم کرنے کی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے۔ وزیر برائے توانائی ڈی کے شیوکمار اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی کی ملاقات سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ پچھلی حکومت کے بجلی گھوٹالے کی جانچ کیلئے قائم ایوان کمیٹی میں کمار سوامی چیرمین ہیں ہوسکتا ہے کہ اس مناسبت سے ڈی کے شیوکمار نے ملاقات کی ہو۔ 


Share: